Syedna Siddique Akbar

سیدنا صدیق اکبرؓ کا دور خلافت مسلم حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے، ضیاء المصطفیٰ رضوی

ابوبکر صدیقؓ تمام صحابہ پر فوقیت،افضلیت رکھتے ہیں آپ سب سے پہلے اسلام لائے،یوم وفات کی محفل میں خطاب

سانگلاہل(تحصیل رپورٹر)انجمن میلاد مصطفےٰ کے زیرء اہتمام یار غار و مزار،پیکر صدق و وفا سیدنا صدیق اکبرؓ کا یوم وفات عقیدت و احترام سے منایاگیا، اس ضمن میں اللہ بخش ٹاؤن میں میونسپل کمیٹی کے سابق وائس چیئرمین شیخ خالد محمود رونقی کی رہائش گاہ پر خصوصی محفل کا انعقادکیا گیا،جسکی صدارت شیخ ابوبکر خالد رونقی نے کی،

تقریب میں انجمن میلاد مصطفےٰ کے صدر پیر محمد ضیاء المصطفیٰ رضوی، خلیفہ شیخ محمد ندیم احمد رضوی،شیخ محمد ہاشم رونقی، افتخار احمد چٹھہ،محمد شہباز مرزا،شیخ محسن رضا و دیگرنے شرکت کی،اس موقعہ پر پیر محمد ضیاء المصطفیٰ رضوی نے کہا کہ سیدنا صدیق اکبرؓ کا دور خلافت مسلم حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے، ابوبکر صدیقؓ تمام صحابہ پر فوقیت،افضلیت رکھتے ہیں آپ سب سے پہلے اسلام لائے،

آپ نے سب سے پہلے واقعہ معراج النبیؐ کی تصدیق کی جس کی بناء پر دربار نبوت سے صرف ابوبکرکو ہی صدیق کے لقب کا شرف حاصل ہوا، صدیق اکبرؓ نے سب سے پہلے اپنے گھر کا سارا سامان مال و متاع حضورکی خدمت میں پیش فرمایاسب سے پہلے غار ثور میں صدیق اکبرؓ داخل ہوئے،

سیدنا صدیق اکبرؓ نے سب سے پہلے باغیان و منکرین ختم نبوت ومنکرین زکواۃ کیخلاف جہاد و قتال کے ذریعے ان کاقلع قمع کیا،جن کیلئے رسولؐ نے فرمایا میں نے سب کے احسانوں کا بدلہ اتار دیا ہے،

سوائے ابوبکر صدیق کے کہ اس کا بدلہ اللہ تعالیٰ ہی بروز قیامت اتاریں گے اور فرمایاروز قیامت میں اس طرح اٹھایاجاؤں گا کہ میرے دائیں جانب ابوبکر اور بائیں جانب عمر ہونگے۔

مزید پڑھیں

x