سانگلاہل: نادرا آفس میں پاسپورٹ پروسیسنگ کاؤنٹرکا باقاعدہ افتتاح کردیاگیا

سابق وفاقی وزیر امور کشمیر،گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر ایم این اے نے افتتاح کیا

سانگلاہل(تحصیل رپورٹر)سابق وفاقی وزیر امور کشمیر،گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر ایم این اے نے مقامی نادرا آفس میں پاسپورٹ پروسیسنگ کاؤنٹرکا باقاعدہ افتتاح کردیا،اس موقعہ پرمیاں اعجاز حسین بھٹی سابق ایم پی اے،چوہدری محمد عاصم رندھاوا،چوہدری محمد انیس،شفقت علی،چوہدری عابد حسین جٹ،چوہدری علی اشرف واہلہ،پیپلز پارٹی اقلیتی ونگ کے رہنما تنویر سلمون خاں و دیگر لیگی عمائدین بھی موجود تھے،چوہدری محمد برجیس طاہر ایم این اے نے کہا کہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے عوام کی سہولت کیلئے نادرا دفتر میں پاسپورٹ بنانے کا فیصلہ کیا،جس پر عمل درآمد کردیا گیا،جس تحصیل میں پاسپورٹ آفس نہیں وہاں نادرا پاسپورٹ بنائے گا،

پاسپورٹ پروسیسنگ کاؤنٹرز (PPCs) کے قیام کے ساتھ ساتھ اندرون ملک پاسپورٹ کی آن لائن تجدید اور اسلام آباد میں ای پاسپورٹ کی سہولت کا آغاز کیا جا رہا ہے،جسے بعد میں ملک بھر کے لوگوں تک پہنچایا جائے گا، اندرون ملک آن لائن پاسپورٹ سسٹم کے ذریعے شہری پاسپورٹ دفاتر جائے بغیر آن لائن پاسپورٹ کی تجدید کروا سکیں گے، انہوں نے کہا کہ میاں شہبازشریف کی قیادت میں حکومت ریاست بچاناچاہتی ہے،حکومت آنے جانے والی چیزہے،ریاست کو نقصان نہیں ہوناچاہیے،

ہم قائداعظم محمدعلی جناح کے وژن کے مطابق ملک کو ویلفیئر اسٹیٹ بنائیں گے اورعوامی توقعات پرہرممکن پورااترنے کی کوشش کرینگے،ادھر انجمن تاجران اور سماجی تنظیموں نے نادرا دفتر میں پاسپورٹ پروسیسنگ کاؤنٹرقائم کرنے پر وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور سابق وفاقی وزیر امور کشمیر،گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر ایم این اے کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

مزید پڑھیں

x